او پی ایف کی 102 کنال اراضی لینڈ مافیا کے قبضہ سے وا گزار کرا لی گئی کسی کا بھی سرکاری زمین پر قبضہ برداشت نہیں کریں گے، معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز معاون ذوالفقار بخاری

92
APP102-14 ISLAMABAD: January 14 - Special Assistant to PM Zulfikar Bukhari along with Deputy Commissioner Islamabad, Hamza Shafqat and SP Islamabad, Omer Khan visiting and inspected the site of the regained OPF Land. APP

اسلام آباد ۔ 14 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کے ادارے او پی ایف کی ملکیتی 102 کنال اراضی لینڈ مافیا سے واگزار کرالی گئی ہے، یہ ایک بہت اہم پیشرفت ہے جس کا قبل ازیں تصور بھی ممکن نہیں تھا۔ سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت کی طرف سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہاکہ حکومت کی رٹ قائم کردی گئی ہے اور مستقبل میں اس طرح کا ظلم برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ او پی ایف نے روات اسلام آباد روڈ پر اپنی زون 5 سکیم کیلئے 1999 ءمیں 5 ہزار کنال اراضی حاصل کی، بااثر لینڈ مافیا نے غیرقانونی طور پر اس زمین کے ایک حصہ پر قبضہ کرلیا جوکہ تقریبا102 کنال ہے۔ انہوں نے کہا کہ او پی ایف کے حکام نے اس قبضہ کو واگزار کرانے کیلئے بہت کوششیں کیں لیکن سب رائیگاں گئیں، 2015 ءمیں ریونیو ڈیپارٹمنٹ نے او پی ایف کو یہ اراضی ایوارڈ کردی اور او پی ایف نے عدالت میں مقدمات بھی جیت لئے لیکن قانونی احکامات کے باوجود بااثر مافیا سے زمین حاصل کرنے کی تمام کوششیں رائیگاں گئیں۔ ذوالفقار بخاری نے اس مخصوص معاملہ میں گہری دلچسپی لی تاکہ زون 5 کی سکیم میں شامل یہ زمین سمندر پار پاکستانیوں کو الاٹ کی جاسکے۔ اس سلسلہ میں اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو زمین کی بازیابی کیلئے اعتماد میں لیا گیا اور بیس سال کے غیرقانونی قبضہ کو وزیراعظم کے معاون خصوصی کی کوشش کی بدولت ختم کرانا ممکن ہوا۔ ذوالفقار بخاری، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات اور ایس پی اسلام آباد عمر خان نے او پی ایف کی دوبارہ حاصل کی گئی اراضی کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آٰباد نے او پی ایف سکیم کی چاردیواری کی تعمیر کی نگرانی کا یقین دلایا۔ او پی ایف کی پراپرٹی کو محفوظ بنانے اور کسی قسم کی غیرقانونی مداخلت روکنے کیلئے پولیس چیک پوسٹیں بھی قائم کی جارہی ہیں۔