اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):اُردو کے نامور شاعر خالد احمد کی برسی 19 مارچ کو منائی جائے گی۔ خالد احمد ایک اچھے شاعر ہونے کے علاوہ مصنف اور کالم نگار بھی تھے۔ وہ روزنامہ نوائے وقت میں ‘لمحہ لمحہ’ کے عنوان سے کالم بھی لکھا کرتے تھے۔خالد احمد 5 جون 1943 کو لکھنؤ کے ایک ادبی گھرانے میں پیدا ہوئے۔
مشہور افسانہ نگار عائشہ جمال، خدیجہ مستور اور ہاجرہ مسرور اُن کی بہنیں اور صحافی توصیف احمد خان انکے بھائی تھے۔ روزنامہ ڈان کے ایڈیٹر احمد علی خان اور روزنامہ امروز کے ایڈیٹر ظہیر بابر انکے برادرانِ نسبتی تھے۔ انہوں نے میٹرک مسلم ماڈل ہائی سکول لاہور اور گریجویشن دیال سنگھ کالج سے کی۔ فزکس میں ماسٹر ڈگری گورنمنٹ کالج لاہور سے حاصل کرنے کے بعد انہوں نے واپڈا میں انفارمیشن آفیسر کی حیثیت سے ملازمت کا آغاز کیا۔ وہ اسی محکمے سے ڈپٹی کنٹرولر کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔
خالد احمد کی شاعری کی پانچ کتب شائع ہوئیں جن میں نعتیہ مجموعہ تشبیب کے علاوہ ہتھیلیوں پہ چراغ، پہلی صدا پرندے کی، دراز پلکوں کے سائے سائے اور نم گرفتہ شامل ہیں۔ اسکے علاوہ ان کی تصانیف میں ایک مٹھی ہوا، جدید تر پاکستانی ادب، لمحہ لمحہ اور کاجل گھر شامل ہیں۔ انہوں نے متعدد ڈرامے، ریڈیو اور ٹیلیویژن کیلئے نغمات بھی تحریر کیئے۔ خالد احمد کی علمی و ادبی خدمات پر انہیں بے شمار ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ خالد احمد 19 مارچ 2013 کو پھیپھڑوں کے سرطان کے باعث لاہور میں انتقال کر گئے۔
ان کی برسی کے موقع پر علمی ، ادبی اور صحافتی حلقوں کے زیر اہتمام مختلف تقریبات میں اردو ادب اور صحافت کے شعبہ میں ان کی خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔