اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):آئندہ 24گھنٹوں کے دوران شما لی /شمال مغربی بلوچستان، خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات، اسلام آباد اورخطہ پوٹھوہار میں تیز ہوائیں /جھکڑچلنے کے ساتھ بارش اور پہا ڑوں پر برفباری کی توقع ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہےتاہم صبح اور رات کے اوقات میں پنجاب کے بیشتر اضلاع اور با لا ئی سندھ میں درمیانی سے شدید دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نےانتباہ جاری کرتے ہوئےآج( رات ) چاغی، نوشکی، خاران، پشین ،قلعہ عبداللہ اور کوئٹہ میں بارش کے باعث فلیش فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا ہے،آج( رات ) اور کل کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ ،قلعہ سیف اللہ، ناران، کاغان،چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں برفباری کے باعث سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل کا اندیشہ ہےاس دوران کشمیر ، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ/برفانی تودے گرنے کا خطرہ ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جز وی ابر آلود رہا۔ تاہم بلوچستان ،بالائی خیبر پختونحوا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع اور با لا ئی سندھ میں درمیانی سے شدید دُھند چھائی رہی۔سب سے ذیادہ بارش بلوچستان :دالبندین 24،پشین 17،جیوانی 13، کوئٹہ (سٹی 13، سمنگلی 10)،گودار09،تربت 08، نوکنڈی 07،قلات 04، پنجگور01، خیبر پختونحوا:مالم جبہ ، دروش 02، دیر، چترال میں 01 ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی۔
اس دوران زیارت 02،کوئٹہ 01جبکہ مالم جبہ اور استور میں ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی۔اتوار کوریکارڈکئے گئے کم سےکم درجہ حرارت: لہہ منفی 09،گوپس منفی06، اسکردو، مالم جبہ منفی 04، استور، ہنزہ اور پاراچنار میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔