آئیسکو کی تکنیکی مسائل کی وجہ سے 133 میگاواٹ لوڈ مینجمنٹ پر معذرت ، جلد حل کا وعدہ

93

اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے اتوار کو تکنیکی مسائل کی وجہ سے مختلف علاقوں میں 133 میگاواٹ لوڈ مینجمنٹ پر عمل درآمد کے حوالہ سے معذرت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ فریکوئنسی میں بہتری آنے کے بعد یہ مسئلہ حل کر دیا جائے گا۔

آئیسکو کے ترجمان کے مطابق فریکوئنسی ڈپ کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی جس سے راولپنڈی کینٹ، اٹک اور جہلم سرکلز میں 132 کے وی گرڈ سٹیشنز پر لوڈ مینجمنٹ متاثر ہوئی۔ متاثر ہونے والے مخصوص علاقوں میں نیو روات، فتح جنگ، کہوٹہ سٹی (1، 2 اور 3)، پرانا روات، کلر سیداں، جنڈ، بسال، پنڈیگھیب، سوہاوہ اور بارگواہ شامل ہیں۔

آئیسکو کی ٹیموں نے صورتحال کا جائزہ لیا اور فریکوئنسی بہتر ہونے پر لوڈ مینجمنٹ کو بتدریج ختم کر دیا گیا۔ اب بجلی کی معمول کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے۔ترجمان نے تصدیق کی کہ یہ خلل تکنیکی مسئلے کی وجہ سے ہوا اور صارفین کو یقین دلایا کہ سسٹم مستحکم ہے۔ آئیسکو نے صارفین کو تکلیف پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔