اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ 37 ماہ پر مشتمل پروگرام کی ہموار اور کامیاب تکمیل کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ پروگرام پاکستان کی کلی معیشت کے استحکام،اصلاحات اور ڈھانچہ جاتی ایڈجسٹمنٹس کا منصوبہ ہے جسے فنڈ کی حمایت حاصل ہے۔
انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کے نئے ریزیڈنٹ نمائندہ ماہربینیسی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ جامع اور پائیدار ترقی کیلئے وزیر اعظم محمدشہباز شریف کی قیادت میں حکومت اس بات پربہت واضح ہے کہ گزشتہ 14 ماہ میں جو اعتماد اور ساکھ بحال کی گئی ہے، اسے برقرار رکھنا ضروری ہے سیکریٹری خزانہ امداداللہ بوسال بھی اس موقع پرموجود تھے۔
وزیرخزانہ نے ماہر بینیسی کو پاکستان میں تقرری پر خوش آمدید کہا اور انہیں ان کی ذمہ داریوں کی انجام دہی اور حکومت پاکستان کے ساتھ روزمرہ مشاورت کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ماہر بینیسی نے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا اور پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون سے آئی ایم ایف پروگرام کی کامیاب تکمیل کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔