اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پرافسوس اورہمدردی کااظہارکرتے ہوئے حکومت پاکستان کو مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے۔یہ بات بین الاقوامی مالیاتی فنڈکے ڈائریکٹربرائے مشرق وسطیٰ ووسطی ایشیا جہادآذور نے وزیرخزانہ محمداسحاق ڈارسے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔
ملاقات میں پاکستان اوربین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے درمیان امور اورپاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کے پروگرام پرعمل درآمد سے متعلق معاملات کاجائزہ لیاگیا۔وزیرخزانہ نے برطانیہ کی وزیربرائے امورخارجہ ودولت مشترکہ وکی فورڈ سے بھی ملاقات کی۔وزیرخزانہ نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امدادکیلئے برطانیہ کی جانب سے مالی امداد اورمعاونت پران کاشکریہ اداکیا۔
وزیرخزانہ نے ڈولپمنٹ کنٹریزٹریڈنگ سکیم کے تحت پاکستان اوردیگرترقی پذیرممالک کیلئے تجارتی سہولیات کے اقدام کی تعریف کی۔برطانیہ کی وزیرخارجہ نے وزیرخزانہ کویقین دلایا کہ ان کی حکومت مشکل وقت میں پاکستان کی معاونت جاری رکھیں گی۔ ملاقات میں پاکستان اوربرطانیہ کے درمیان ترقیاتی معاونت میں مزیداضافہ کیلئے اقدامات کا بھی جائزہ لیاگیا۔
وزیرخزانہ نے اعلیٰ سطح کے گول میز مذاکراہ میں پاکستانی وفد کی قیادت بھی کی۔ پاکستان میں سیلاب کے عنوان سے ہونے والے مذاکرے کی صدارت عالمی بینک کے نائن صدرمارٹن ریزر اورپاکستان وافغانستان کیلئے برطانوی وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی نائجیل کیسی نے مشترکہ طورپرکی۔اس مذاکرے میں بڑے دوطرفہ اورکثیرالجہتی شراکت داروں اورعطیہ وامداددینے والے اداروں نے شرکت کی۔ اس مذاکرے میں نقصانات کے جائزہ کیلئے عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، یواین ڈی پی، یورپی یونین اورحکومت پاکستان کی طرف سے مشترکہ طورپرمرتب کردہ رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
مذاکرے سے اپنے خطاب میں وزیرخزانہ نے سیلاب سے متاثرہ عوام کی امداد اورمتاثرہ علاقوں میں تعمیرنواوربحالی کیلئے پاکستان کے ساتھ معاونت پرزوردیا۔دریں اثنا وزیرخزانہ نے سعودی فنڈبرائے ترقی کے چیف ایگزیکٹوآفیسر سلطان عبدالرحمان المرشدی سے ملاقات کی۔وزیرخزانہ نے سعودی عرب کی جانب سے ہرمشکل وقت میں پاکستان کی معاونت پر ان کاشکریہ اداکیا، انہوں نے سعودی فنڈبرائے ترقی کے وفد کے آئندہ دورہ پاکستان کاخیرمقدم کیا۔
سعودی فنڈبرائے ترقی کے چیف ایگزیکٹوآفیسرنے پاکستان کوفنڈ کی جانب سے معاونت جاری رکھنے کایقین دلایا۔وزیرخزانہ سے پاکستانی سفارت خانہ میں امریکا کے نائب وزرائے خارکہ رامین تولوئی اورڈونلڈلو نے بھی ملاقاتیں کیں۔امریکی وزرائے خارجہ نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پرافسوس کااظہارکیا اورامداد وبحالی کے کاموں میں حکومت کوممکن تعاون کایقین دلایا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگرامورکابھی جائزہ لیاگیا۔