آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین و اہلخانہ کے علاج کےلئے 32 لاکھ کے فنڈز جاری کردیے،ترجمان

81

لاہور۔12فروری (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنگین بیماریوں میں مبتلا پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے علاج معالجے کےلئے 32 لاکھ 70 ہزار روپے کے فنڈز جاری کر دیے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اے ایس آئی غلام شبیر عباس، ہیڈ کانسٹیبل فخر عباس، کانسٹیبل منور حسین کو علاج معالجے کےلئے 5 لاکھ روپے فی کس جاری کئے گئے۔

کانسٹیبلز راشد فاروق اور طارق محمود کو علاج معالجے کےلئے مجموعی طور پر 6 لاکھ 20 ہزار روپے ، سب انسپکٹر رئیس شہزاد، کانسٹیبل عبیداللہ کو علاج معالجے کےلئے اڑھائی لاکھ روپے فی کس، سب انسپکٹرز محمد عمران اور محمد اشرف، ریٹائرڈ اے ایس آئی مسعود خان، ڈرائیور کانسٹیبل محمد رمضان کو علاج کےلئے 1 لاکھ روپے فی کس، ریٹائرڈ سب انسپکٹر محمد علی، اے ایس آئی امجد علی، مرحوم اے ایس آئی محمد خالد کی بیوہ کو علاج معالجے کےلئے مجموعی طور پر 2 لاکھ روپے دیے گئے۔

ترجمان نے بتایا کہ کینسر، دل، دماغ، آنکھوں و گردوں سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا پولیس ملازمین کو علاج معالجے اور سرجری کےلئے فنڈز جاری کیے گئے، آئی جی پنجاب نے میڈیکل فنانشل اسسٹنس کمیٹی کی سکروٹنی کے بعد فنڈز کے اجرا کی منظوری دی۔