شارجہ ۔4اکتوبر (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کے زیر اہتمام یو اے ای میں جاری ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں (کل) ہفتہ کو مزید دو میچوں کا فیصلہ ہوگا۔پہلا میچ بنگلہ دیش اور انگلینڈ کی خواتین ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے میچ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور سری لنکا کی ویمنز ٹیمیں پنجہ آزمائی کریں گی۔دونوں میچز شارجہ کرکٹ سٹیڈیم ،شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے نویں ایڈیشن کا باضابطہ آغاز متحدہ عرب امارات میں ہوچکا ہے، جس میں شائقین کرکٹ کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ میگا ایونٹ میں 10 خواتین ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کررہی ہیں۔ آسٹریلوی ویمن ٹیم ٹائٹل کے دفاع کے لئے کوشاں ہے ۔
پاکستان اور بھارت کی ویمنز ٹیموں کے مابین میچ 6اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ میگا ٹورنامنٹ میں 20 میچز کے بعد پہلا سیمی فائنل میچ 17 اکتوبرکو دوسرا سیمی فائنل میچ 18 اکتوبر کو جبکہ فائنل میچ 20 اکتوبر کو شیڈول ہے ۔
میگا ایونٹ میں شامل10ٹیموں میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا ،نیوزی لینڈ ، جنوبی افریقا، سری لنکا ، بنگلہ دیش ،پاکستان، بھارت، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور سکاٹ لینڈ شامل ہیں۔