آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم رینکنگ ، نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا سے پہلی پوزیشن چھین لی

55

دبئی ۔6جنوری (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے جاری کر دہ تازہ ترین ٹیسٹ ٹیم رینکنگ کے مطابق نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کرتےہوئے آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ اس طرح آسٹریلوی ٹیم ایک درجہ تنزلی کے بعد پہلے سے دوسرے نمبر پر چلی گئی ہے جبکہ بھارت کی ٹیم تیسرے نمبر پر ہے۔بدھ کو آئی سی سی نے ٹیسٹ ٹیم رینکنگ جاری کر دی ۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری تازہ ترین ٹیم رینکنگ کے مطابق کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں میزبان نیوزی لینڈ کی ٹیم نے نہ صرف پاکستان کو شکست دیکر دو میچوں کی سیریز کلین سویپ کی بلکہ اس فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا سے آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں پہلی پوزیشن بھی چھین لی ۔ تازہ ترین ٹیسٹ ٹیم رینکنگ کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم 118پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر پہنچ گئی ہے ۔ آسٹریلیا کی ٹیم 116 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ تنزلی کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلی گئٰ ہے جبکہ بھارت کی ٹیم 114پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم 106پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، جنوبی افریقا کی ٹیم 96پوائنٹس کے ساتھ پانچویں، سری لنکا کی ٹیم 86پوائنٹس کے ساتھ چھٹےنمبر پر ہے۔ پاکستان کی ٹیم 82پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر آٹھویں نمبر پر ہے اس کے 77پوائنٹس ہیں۔ افغانستان کی ٹیم 57پوائنٹس کے ساتھ نویں جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم 55پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر ہے اسی طرح زمبابوے کی ٹیم 18پوائنٹس کے ساتھ گیارہویں نمبر پر ہے جبکہ آئرلینڈ کی ٹیم تاحال کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کر سکی ہے۔