سڈنی۔27اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ ٹو کے میچ میں جنوبی افریقا نے بنگلادیش کو جیت کے لیے 206 رنز کا ہدف دے دیا۔پروٹیز ٹیم کے کپتان ٹیمبابایوما نے جمعرات کو سڈنی کرکٹ گرائونڈ ،سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔جنوبی افریقا کے کپتان میچ میں کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور پہلے اوور میں 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے ریلی روسو نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے بنگلادیشی بائولرز کی خوب دھلائی کی اور ورلڈ کپ 2022 کی پہلی سنچری بنا ڈالی۔انہوں نے 56 گیندوں پر 109 رنز کی تیز اننگز کھیلی جبکہ اوپنر کوئنٹن ڈی کاک 63 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
میچ کے دوران کوئنٹن ڈی کاک اور ریلی روسو نے ملکر 163 رنز کی پارٹنر شپ قائم کرتے ہوئے پروٹیز ٹیم کی میچ میں پوزیشن مضبوط بنادی۔یہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان رواں ٹی 20ورلڈ کپ کی دوسری بڑی شراکت داری ہے۔جنوبی افریقا نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 205 رنز بنائے۔
بنگلادیشی ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز آل رائونڈر شکیب الحسن نے عمدہ بائولنگ کرتے ہوئے 2 جبکہ عفیف حسین، حسن محمود اور تسکین احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ سڈنی میں کھیلا جارہا ہے۔
شکیب الحسن بنگلادیش جبکہ ٹیمبا باوما جنوبی افریقا کی قیادت کررہے ہیں۔جنوبی افریقا کی ٹیم نے میچ میں مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 205 رنز بناکر بنگال ٹائیگرز کو کامیابی کے لئے 206 رنز کا ہدف دیا۔