آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ سپر 12 رائونڈ میں منگل کو دو میچوں کا فیصلہ ہوگا،ناقابل شکست پاکستان ٹیم اپنا چوتھا میچ نمیبیا کے خلاف کھیلے گی

147
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں (کل)دو میچ کھیلے جائیں گے

ابوظہبی۔1نومبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈکپ 2021، سپر 12 رائونڈ میں (کل) منگل کو مزید دو میچوں کا فیصلہ ہوگا۔ پہلا میچ جنوبی افریقا اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان شیخ زید سٹیڈیم ،ابوظہبی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان اور نمیبیا کی ٹیمیں شیخ زید سٹیڈیم ، ابوظہبی میں مدمقابل ہوں گی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔

پاکستان ٹیم ورلڈ کپ مہم کا آغاز فاتحانہ انداز میں کرنے کے بعد تاحال ناقابل شکست ہے ، گرین شرٹس نے روایتی حریف بھارت کو اپنے پہلے میچ میں 10وکٹوں کی عبرتناک شکست دی تھی، اس کے بعد دوسرے میچ میں کیوی ٹیم کو 5 وکٹوں سے مات دی جبکہ اپنے تیسرے میچ میں افغانستان کی ٹیم کو 5 وکٹوں سے ہرایا تھا۔

پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ سپر 12 گروپ 2 میں ناقابل شکست ہے اور اپنے تین میچز جیتنے کے بعد سب سے زیادہ 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ پاکستان ٹیم کی قیادت مایہ ناز بلےباز بابر اعظم کریں گے ۔

سپر 12 مرحلے میں ہر ٹیم پانچ گروپ میچ کھیلے گی اور دونوں گروپس سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 10 نومبر کو ابوظہبی جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 11 نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ کا فیصلہ کن معرکہ14 نومبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔