آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ سپر 12 رائونڈ میں کل مزید دو میچ کھیلے جائیں گے

140

ابوظہبی۔5نومبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈکپ 2021، سپر 12 رائونڈ میں ہفتہ کو مزید دو میچوں کا فیصلہ ہوگا۔ پہلا میچ دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان شیخ زید سٹیڈیم ،ابوظہبی میں کھیلا جائے گا ، یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا۔ مایہ ناز آل رائونڈر کیرون پولارڈ دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کی قیادت کریں گے اور آسٹریلوی ٹیم آرون فنچ کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔

آسٹریلوی ٹیم سپر 12 گروپ 1 میں 6 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کے صرف دو پوائنٹس ہیں۔ دوسرے میچ میں انگلینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں شارجہ کرکٹ سٹیڈیم ، شارجہ میں مدمقابل ہوں گی۔ انگلینڈ ٹیم کی کمان آئن مورگن سنبھالیں گے جبکہ پروٹیز ٹیم ٹیمبا بایوما کی زیر قیادت میدان میں اترے گی ۔ انگلینڈ کی ٹیم سپر 12 گروپ 1 میں ناقابل شکست اور سب سے زیادہ 8 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے جبکہ پروٹیز ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے۔

یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔ سپر 12 مرحلے میں ہر ٹیم پانچ گروپ میچ کھیلے گی اور دونوں گروپس سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 10 نومبر کو ابوظہبی جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 11 نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ کا فیصلہ کن معرکہ14 نومبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔