آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی، انگلینڈ اور افغانستان کامیچ (آج) بدھ کو ہوگا، آئی جی پنجاب کی فل پروف سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایت

109
ICC Champions Trophy 2025

لاہور۔26فروری (اے پی پی):آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا اہم میچ انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان (آج)بدھ کو قذافی سٹیڈیم ، لاہور میں کھیلا جائے گا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کھلاڑیوں، آفیشلز، شائقین کرکٹ کو بھرپور سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ترجمان پولیس کے مطابق انٹرنیشنل ایونٹ کی سیکورٹی کے پیش نظر ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں، کھلاڑیوں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ، ضلعی انتظامیہ، سیکورٹی ایجنسیز سمیت تمام اداروں سے کوارڈینیشن جاری ہے۔

انگلینڈ اور افغانستان کے میچ کی سیکورٹی پر 12 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، کھلاڑیوں کی رہائش گاہ، روٹس، سٹیڈیم، اردگرد کی بلند عمارات پر سنائیپرز تعینات ہیں، ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ، ایلیٹ ٹیمیں روٹس و اہم مقامات کے گرد موثر پٹرولنگ کریں۔

آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے ٹیموں کے روٹس، سٹیڈیم سمیت اہم مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے، ٹریفک کا بلاتعطل بہائو، مناسب پارکنگ یقینی بنانے کیلئے اضافی ٹریفک وارڈنز تعینات کیے گئے ہیں، کھلاڑیوں کی رہائش گاہ، روٹس، سٹیڈیم کے اطراف سرچ، سویپ، کومبنگ و انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں۔

سٹیڈیم کے داخلی و خارجی راستوں، انٹری گیٹس پر تعینات عملہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ شائقین محفوظ ماحول میں انٹرنیشنل کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کے لئے پنجاب پولیس سے تعاون کریں۔