اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا نواں ایڈیشن پاکستان میں شروع ہوچکا ہے جس میں شائقین کرکٹ کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں کل (بدھ کو )مزید ایک میچ کا فیصلہ ہوگا جس میں گروپ بی سے افغانستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں قذافی سٹیڈیم، لاہور میں مد مقابل ہوں گی۔
افغانستان کی ٹیم کو حشمت اللہ شہیدی لیڈ کریں گے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزم ہیں جن میں میزبان دفاعی چیمپئن پاکستان، بنگلہ دیش،افغانستان،بھارت،نیوزی لینڈ،انگلینڈ ،آسٹریلیا اور جنوبی افریقا شامل ہیں۔ پاکستان کی ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ٹائٹل کے دفاع کے لئے کوشاں تھی جو ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔ تمام 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ۔
گروپ اے میں دفاعی چیمپئن پاکستان،بنگلہ دیش ،بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں افغانستان،آسٹریلیا،انگلینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کو رکھا گیا ۔ تمام آٹھ ٹیموں کے دو گروپس میں سے دو ،دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کریں گی ۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آٹھواں میچ گروپ بی کی ٹیموں افغانستان اور انگلینڈ کے درمیان قذافی سٹیڈیم، لاہور میں کھیلا جائے گا۔
یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا اور دن دو بجے شرو ع ہوگا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل میچ 4 مارچ جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 5 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل میچ 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔