آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا نواں ایڈیشن بدھ سے پاکستان میں شروع ہوگا،8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی

152
ICC Champions Trophy
ICC Champions Trophy

اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا نواں ایڈیشن کل (بدھ سے) پاکستان میں شروع ہوگا، جس میں 8 ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی۔پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے نویں ایڈیشن کی میزبانی پاکستان اور متحدہ عرب امارات کریں گے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شامل 8ٹیموں میں میزبان دفاعی چیمپئن پاکستان، بنگلہ دیش،افغانستان،بھارت،نیوزی لینڈ،انگلینڈ ،آسٹریلیا اور جنوبی افریقا شامل ہیں۔ پاکستان کی ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن ہے۔ تمام 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں دفاعی چیمپئن پاکستان،بنگلہ دیش ،بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں افغانستان،آسٹریلیا،انگلینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کو رکھا گیا ہے۔ تمام آٹھ ٹیموں کے دو گروپس میں سے دو ،دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کریں گی ۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا پہلا میچ گروپ اے کی ٹیموں دفاعی چیمپئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان نیشنل کرکٹ سٹیڈیم، کراچی میں کھیلا جائے گا۔یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا اور دن دو بجے شرو ع ہوگا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل میچ 4 مارچ جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 5 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل میچ 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔