آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا نواں میچ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان کل کھیلا جائے گا

438
ICC Champions Trophy
ICC Champions Trophy

اسلام آباد۔26فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا نواں ایڈیشن پاکستان میں شروع ہوچکا ہے جس میں شائقین کرکٹ کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں کل (جمعرات کو )مزید ایک میچ کا فیصلہ ہوگا جس میں گروپ اے سے پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم، راولپنڈی میں مد مقابل ہوں گی۔ پاکستان کی ٹیم کو مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان لیڈ کریں گے جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم مایہ ناز بلے باز نجم الحسین شانتو کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزم ہیں جن میں میزبان دفاعی چیمپئن پاکستان، بنگلہ دیش،افغانستان،بھارت،نیوزی لینڈ،انگلینڈ ،آسٹریلیا اور جنوبی افریقا شامل ہیں۔ پاکستان کی ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ٹائٹل کے دفاع کے لئے کوشاں تھی جو ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم بھی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے۔ دونوں ٹیمیں اپنا آخری گروپ میچ کھیلیں گی۔

تمام 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ۔ گروپ اے میں دفاعی چیمپئن پاکستان،بنگلہ دیش ،بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں افغانستان،آسٹریلیا،انگلینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کو رکھا گیا ۔ تمام آٹھ ٹیموں کے دو گروپس میں سے دو ،دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کریں گی ۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا نواں میچ گروپ اے کی ٹیموں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم،راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا اور دن دو بجے شرو ع ہوگا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل میچ 4 مارچ جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 5 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل میچ 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔