آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ ،ون ڈے اور ٹی ٹونٹی پلیئرز رینکنگ جاری، بابراعظم ون ڈے اور ٹی 20 میں سر فہرست،ٹیسٹ بیٹنگ کے شعبے میں چوتھا نمبر

54
آئی سی سی رینکنگ

دبئی ۔22جون (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ٹیسٹ ، ون ڈے اور ٹی 20پلیئرز رینکنگ میں بیٹنگ کے شعبے میں انگلینڈ کے جو روٹ پہلے جبکہ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی بیٹنگ کے شعبے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم پہلے نمبر پر براجمان ہیں ، بابر اعظم ٹیسٹ بیٹنگ کے شعبے میں چوتھے نمبر پر ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیسٹ ، ون ڈے اور ٹی 20میں پلیئرز کی رینکنگ جاری کی ہے۔ون ڈے رینکنگ کے مطابق بیٹنگ کے شعبے میں پاکستان کے بابراعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ امام الحق دوسرے نمبر پر موجود ہیں، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر ایک درجہ ترقی کے بعد نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

ون ڈے بائولنگ کے شعبے میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کا پہلا نمبر برقرار ہے جبکہ انگلینڈ کےکرس ووکس دوسرے اور نیوزی لینڈ کے ہی میٹ ہنری تیسرا نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے فاسٹ بائولر شاہین آفریدی اس فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ ون ڈے آل راؤنڈرز کے شعبے میں بنگلادیش کے شکیب الحسن پہلے نمبر پر قائم ہیں۔ جبکہ پاکستان کے عماد وسیم اس فہرست میں نویں نمبر پر موجود ہیں۔

تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں بلے بازوں کی فہرست میں انگلینڈ کے جوروٹ پہلے نمبر پر برقرار ہیں جبکہ آسٹریلیا کے مارنس لبوشین دوسرے اور آسٹریلیا کے ہی سٹیو سمتھ تیسرے نمبر پر ہیں ، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم چوتھے اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ ٹیسٹ بولنگ کے شعبے میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔

بھارت کے سپنرروی چندرن ایشون دوسرے اور بھارت کے ہی جسپریت بمرا تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کا رینکنگ میں چوتھا نمبر ہے۔ ویسٹ انڈیز کے کیمار روچ 4 درجے ترقی پاکر 8 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں بھارت کے رویندرا جڈیجا پہلے نمبر پر برقرار ہیں ، بنگلادیش کے شکیب الحسن دو درجے ترقی کے بعد چوتھے سے دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، پاکستان کا کوئی آل راؤنڈر اس فہرست میں پہلے دس کھلاڑیوں میں جگہ نہیں بناسکا۔

ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بھی پاکستان کے بابر اعظم اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت پہلے نمبر پر قبضہ برقرار رکھے ہوئے ہیں ، محمد رضوان کی بھی رینکنگ میں دوسری پوزیشن برقرار ہے۔ٹی ٹونٹی بائولنگ کے شعبے میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، انگلینڈ کے عادل رشید دوسرے اور جنوبی افریقا کے تبریز شمسی تیسرے نمبر پر موجود ہیں،سری لنکا کے وانندو ہسارنگا ایک درجے ترقی کے بعد ساتویں سے چھٹے نمبرپر پہنچ گئے ہیں جبکہ بائولنگ کے شعبے میں کوئی پاکستانی بولرز پہلے دس کھلاڑیوں میں جگہ نہیں بناسکا۔ٹی 20آل راؤنڈرز میں افغانستان کے محمد نبی پہلے نمبر پر موجود ہیں اور بنگلادیش کے شکیب الحسن دوسرے نمبر پر ہیں، اس فہرست میں بھی پہلے دس کھلاڑیوں میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔