اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):او پی ایف گرلز کالج ایف ایٹ (بوائز سیکشن) میں بچوں کی شخصیت، اقدار و کردار سازی کو اجاگر کرنے،اساتذہ اور مائوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں سکول کے بچوں کی مائوں کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا جس کا مقصد بچوں کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں اخلاقی اقدار کے ذریعے شخصیت و کردار سازی اجاگر کرنے سمیت ان میں اساتذہ کرام اور ماں کی محبت اور قربانیوں کا احساس دلانا تھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل بشریٰ بشیر نے کہا کہ سکول میں بچے کی تعلیم و تربیت سمیت شخصیت و کردار سازی اور معاشرتی و سماجی اقدار سے روشناس کرانے پر بھرپور توجہ دی جاتی ہے تاکہ وہ مستقبل میں اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو نبھانے کے ساتھ ساتھ معاشرے کے ایک ذمہ دار شہری ثابت ہوں۔
اس موقع پر سیکشن انچارج ڈاکٹر عروسہ سہیل کا کہنا تھا کہ آج کے جدت پذیر دور میں بچے اپنی ثقافت و اخلاقی اقدار سے دور ہو رہے ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ بچوں کو ان کی سماجی و معاشرتی قدروں سے پہچان کرائی جائے تاکہ وہ اپنے اساتذہ اور والدین بالخصوص اپنی ماں کی شبانہ روز محنت، پر خلوص جذبوں اور قربانی کو نہ صرف سمجھیں بلکہ ان کی دل سے قدر بھی کریں۔ تقریب کے بہترین انعقاد پر پرنسپل بشریٰ بشیر نے وائس پرنسپل طاہرہ یاسمین، پرائمری سیکشن کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عروسہ سہیل اور اساتذہ حفصہ نعمان، مریم اطہر، سعدیہ کنول، ثمینہ آفتاب اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کا سکول بچوں کی تعلیم و تربیت، شخصیت و کردار سازی میں اپنی اعلیٰ پیشہ وارانہ روایات برقرار رکھے گا۔
تقریب میں بچوں نے اساتذہ اور ماں کے کردار کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مختلف ٹیبلوز اور خاکے پیش کئے جنہیں شرکا ءنے خوب سراہا۔ تقریب کے آخر میں طلبہ کی مائوں کو سٹیج پر خصوصی دعوت دے کر پھول بھی پیش کئے گئے۔