آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے ساتھ کاپ۔29 کے موقع پر انتہائی پرجوش اور خوشگوار ملاقات ہوئی ، وزیراعظم شہباز شریف

135
آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے ساتھ کاپ۔29 کے موقع پر انتہائی پرجوش اور خوشگوار ملاقات ہوئی ، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے ساتھ کاپ۔29 کے موقع پر انتہائی پرجوش اور خوشگوار ملاقات ہوئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ باکو میں ورلڈ لیڈرز کلائمیٹ ایکشن سمٹ کے کامیاب انعقاد پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق امور پر کام کے عزم کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا میں موسمیاتی تبدیلیوں کے انتہائی شکار ممالک میں سے ایک ہے اور وہ موسمیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے آذربائیجان اور عالمی برادری کےساتھ مل کر کام کرنے کا عزم رکھتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان سٹرٹیجک شراکت داری کو مستحکم بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا خاص طور پر اقتصادی اور دفاعی تعاون ، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور دیگر عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم مل کر ایک لچکدار اور باہمی تعاون پر مبنی مستقبل کے لئے کاوشوں کا عزم کرتے ہیں۔