آرمی چیف جنرل قمر باجوہ آج اتوار کوسندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے

87
آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر

راولپنڈی ۔28اگست (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر باجوہ آج اتوار کوسندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف زمینی دستوں سے بات چیت بھی کریں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر )کے مطابق پاک فوج نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے 212 ریلیف کلیکشن پوائنٹس قائم کیے ہیں۔

سندھ میں 81، پنجاب میں 73، بلوچستان میں 41 اور کے پی کے میں 17 ریلیف کلیکشن پوائنٹس کام کر رہے ہیں۔پاک فوج نے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے فلڈ ریلیف ڈونیشن اکاؤنٹ قائم کر دیا ہے۔اکاؤنٹ کا عنوان ’’سیلاب متاثرین کے لیے آرمی ریلیف (عسکری بینک جی ایچ کیو برانچ) اکاؤنٹ نمبر -00280100620583‘‘ امداد جمع کرا سکتے ہیں۔بلوچستان میں پاک فوج اور فرنٹیئر کور نے کوئٹہ، مسلم باغ، چمن، سوئی، ڈیرہ بگٹی، سبی، لہری، نصیر آباد، بیلہ، اُٹھل اور جعفر آباد کے علاقوں میں امدادی کیمپ قائم کیے جو کہ خوراک اور دیگر سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

سیلاب متاثرین کے لیے کوئٹہ، مسلم باغ، سوئی، ڈیرہ بگٹی، سبی، دوبندی، لہری، سدوری، لکڑہ ضلع لسبیلہ میں فری میڈیکل کیمپ لگائے جا رہے ہیں۔پنجاب میں ڈیرہ غازی خان، روجھان اور لیہ میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کیے گئے جہاں پاک فوج نے پھنسے ہوئے خاندانوں کو خوراک اور دیگر سہولیات فراہم کیں۔ ضلع راجن پور میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے امدادی اور ریسکیو کارروائیاں کی گئیں جن میں ہرنڈ تحصیل جام پور، نور پور ماجھو والا تہہ جام پور، موضع کان والا تہہ جام پور، ماڑی جام پور، دربار سخی بور جام پور، بمبلی جام پور، بستی نوخمی جام پور، ڈیرہ ، روجھان، ڈیرہ جیون تحصیل روجھان، چک مٹ نمبر 2 تحصیل روجھان شامل ہیں۔

سندھ میں پاک فوج نے ضلع خیرپور، ضلع لاڑکانہ، ضلع نوشہرو فیروز، ضلع شکارپور، ضلع قمبر شداد کوٹ، ضلع جیکب آباد، ضلع کشمور، ضلع بدین، ضلع میر پور خاص، ضلع سانگھہ، ضلع مٹیاری، ضلع عمرکوٹ، میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کیا۔ ضلع حیدرآباد، ضلع ٹنڈو محمد خان، ضلع ٹھٹھہ، ضلع جامشورو، ضلع بدین، ضلع سجاول، ضلع دادو۔ بدین، سجاول، ٹھٹھہ اور عمرکوٹ میں چار میڈیکل کیمپ لگائے گئے۔ بدین، سجاول، ٹھٹھہ اور عمرکوٹ میں 1700 سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا۔خیبرپختونخوا(کے پی کے )کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

اٹک اور ایبٹ آباد میں فوج کی فارورڈ تعیناتی کی گئی ہے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 4 فیلڈ میڈیکل کیمپ لگائے گئے جہاں 715مریضوں کا علاج کیا گیا۔چارسدہ میں سیلاب متاثرین کے لیے 7ریلیف کیمپ قائم کیے گئے جبکہ نوشہرہ ضلع کی ہر تحصیل میں 3 ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ سول انتظامیہ کو ضروری مدد فراہم کی جا رہی ہے۔