آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ کی ملاقات

98

راولپنڈی۔20دسمبر (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ دنیا اور خطہ ایک غیر مستحکم افغانستان کا متحمل نہیں ہو سکتا، ایک بڑھتے ہوئے انسانی بحران کو روکنے کے لیے عالمی اتحاد کی ضرورت ہے۔ آرمی چیف نے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس میں شرکت پر معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا۔

امریکی نمائندہ خصوصی نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، موثر پاک افغان بارڈر مینجمنٹ کے لیے خصوصی کاوشوں کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے او آئی سی کے وزراء خارجہ کی کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس کے انعقاد کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔