راولپنڈی۔10جنوری (اے پی پی):بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد پہنچانے کے لیے فوری طور پر ادارہ جاتی میکانزم وضع کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ وہاں بڑھتے ہوئے انسانی بحران کو روکا جا سکے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ بات انہوں نے سعودی عرب کے وزیر دفاع کے ملٹری ایڈوائزر میجر جنرل طلال عبداللہ العتیبی سے ملاقات کے دوران کہی، جنہوں نے پیر کو جنرل ہیڈ کوارٹرز میں آرمی چیف سے ملاقات کی ۔
فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، افغانستان کی موجودہ صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اسلامی دنیا میں اسکے منفرد مقام کو تسلیم کرتا ہے۔
انہوں نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔ معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارتوں کا اعتراف کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، بارڈر مینجمنٹ کے لیے خصوصی کوششوں، علاقائی استحکام میں کردار کو بھی سراہا۔