آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی ملاقات

56
آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر

راولپنڈی۔23مارچ (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے عوامی جمہوریہ چین کے سٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ وانگ یی نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس موقع پر چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاک چین تعلقات یکساں تصورات اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ وزیر خارجہ نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا کو علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرنا چاہیے۔

انہوں نے سی پیک کو فراہم کی گئی سکیورٹی کو سراہا اور کہا کہ چین جامع خوشحالی پر یقین رکھتا ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے اسے افغانستان میں سنگین انسانی صورتحال سے نمٹنے اور امن و استحکام کے لیےخطے میں ابھرتے ہوئے چیلنجوں کا حل تلاش کرنے کے حوالے سےعالمی برادری کو ایک مشترکہ وژن اور حکمت عملی پر لانے کے لیے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا۔

انہوں نے چینی وزیر خارجہ کے دورہ اور پاکستان کے لیے چین کی حمایت جاری رکھنے پر شکریہ ادا کیا۔ معزز مہمان نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کی میزبانی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا۔