آرٹیفیشل انٹیلی جنس سمٹ کا تیسراایڈیشن ریاض میں شروع ہو گیا

92
Artificial Intelligence Summit
Artificial Intelligence Summit

ریاض۔10ستمبر (اے پی پی):سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس ( آے آئی) سمٹ کاآغاز آج 10 ستمبر سے ریاض میں ہو گیا ہے ۔عرب نیوز کے مطابق یہ سمٹ سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی(سدایا) کے زیراہتمام ریاض کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں ہو رہا ہے 12 ستمبر تک جاری رہے گی۔

سمٹ میں 450 سے زیادہ بین الاقوامی سپیکرز اور 100 ممالک سے متعدد مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شخصیات، اقتصادی پالیسی ساز اور اے آئی ماہرین شرکت کررہے ہیں۔سمٹ میں 25 سے زیادہ مقامی اور عالمی انشیٹیوز کا آغاز اور 70 سے زیادہ معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت میں بین الاقوامی تعاون بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔یہ سمٹ انسانیت کے فائدے کے لیے مصنوعی ذہانت کو مکمل طور پر بروئے کار لانے کے مملکت کے عالمی مشن کو مزید تقویت دیتی ہے۔

سمٹ کے ایجنڈے میں ڈیٹا اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی ٹیکنالوجیز، انڈسٹری کے رجحانات، آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ساتھ ایک بہتر مستقبل کی تشکیل، فیلڈ میں انسانی صلاحیتوں کا فروغ ، اے آئی پروسیسرز اور انفراسٹرکچر، سمارٹ شہروں کی ترقی پر مصنوعی ذہانت کے اثرات، مصنوعی ذہانت کی اخلاقیات اور دیگر اہم شعبے شامل ہیں۔