اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ 2023ءانتخابات کے آزادانہ اور صاف و شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) ٹیکنالوجی استعمال کرنا ہی واحد حل ہے،
وزیراعظم عمران خان آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور قابل اعتماد انتخابات کے انعقاد پر پختہ یقین رکھتے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے گا تاکہ وہ فیصلہ سازی کے عمل میں حصہ لے سکیں اور ملک میں دھاندلی سے پاک انتخابات کو یقینی بنائیں۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپو زیشن جماعتیں سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر حکومت کے ساتھ بیٹھ کر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے جلد پیشرفت کریں تاکہ 2023ءانتخابات میں انتخابی عمل کی مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
علی محمد خان نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اپوزیشن حکومت کے ساتھ بیٹھے اور عوامی مفادات کیلئے انتخابی اصلاحات کے معاملے پر سنجیدگی سے بات کرے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو جب بھی انتخابات میں شکست ہوتی ہے تو وہ دھاندلی کا رونا شروع کر دیتی ہیں لیکن ابھی وہ صرف ذاتی مفادات کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر سیاست کر رہی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان قابل احترام ادارہ ہے، اگر اسے الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر کسی بھی قسم کے تحفظات ہیں تو حکومت اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی ان کے تحفظات دور کرنے کیلئے تیار ہے۔