آزادکشمیر سے لوٹ مارکلچر کا خاتمہ ،گڈگورننس کاقیام اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میرا مشن ہے،وزیراعظم چوہدری انوارالحق

138

مظفر آباد۔6جولائی (اے پی پی):وزیراعظم آزادجموں وکشمیرچوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ پونچھ کیلئے 4ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا ویژن ہے ،پونچھ سیاحت کے اعتبار سے پرکشش جگہ ہے ،اپنے علاقے میں پبلک فیسٹیول کروائیں، ٹورازم پروموشن کمیٹیاں بنائیں تاکہ لوگ پونچھ کے کلچر سے آگاہ ہوں ،گڈ گورننس قائم کرنا مشن ہے تاکہ ریاست کے عوام ترقی کے ثمرات سے فیضیاب ہوسکیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ممبر ضلع کونسل سردار ممتاز کی قیادت میں ٹائیں کے وفد سے ملاقات میں کیا جس نے جموں وکشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔

وفد میں سردار آفاق،سردار چنگیز،سردار زبیر بشیر،سرڈار افراز اشفاق،شعیب جنت،سردار احتشام شامی،سردار عمر عزیز،سردار شاہد اسلم اور سردار راشد رشید شامل تھے۔وزیراعظم نے وفد کے مطالبے پر ٹائیں مجید گلہ تا تھوراڑ روڈ کی تعمیر کی یقین دہانی کروائی جس پر وفد نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ بدقسمتی سے منفی سوشل میڈیا کلچر پنپ رہا ہے اور ایک دوسرے کی دیکھا دیکھی بغیر تحقیق کے کاپی پیسٹ کا رواج عام ہو رہا ہے جس سے نقصان ہو رہا ہے،معاشرے میں پھیلتے ہوئے اس ناسور کو ختم کرنے کیلئے سنجیدہ طبقے کو آگے بڑھ کر اسے روکنا ہو گا،انہوں نے کہا کہ لوکل سیاست سے قومی سیاست اور پھر عالمی سیاست تک کا ادراک کر کے فیصلے کرنے پڑتے ہیں تب جا کر ملک و معاشرے ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے،بیروزگاری کی عفریت سے نمٹنے کیلئے طویل المیعاد منصوبہ بندی کی ضرورت ہے تاکہ نوجوانوں کو منفی ہاتھوں میں جانے سے روکا جائے،ریاست اپنی رٹ ہر حالت میں برقرار رکھتی ہے ،کوئی ریاست سے بالا ترنہیں ہو سکتا اس لئے ذمہ داری اور تدبر سے معاملات کے حل کی طرف جانا چاہیے ،انارکی سے صرف تباہی جنم لیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب اقتدار سنبھالا تو کرپٹ سسٹم نے ہر ادارے کو مفلوج کر رکھا تھا،اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام مافیاز کو آڑے ہاتھوں لیا اور گورننس کے نظام کو ٹھیک کیا ،اب کچھ حالات کو بہتری کی جانب رواں دواں کر دیا ہے ،انشاءاللہ جب تک قلم میں اختیار ہے یہ عوام کی بہتری کیلئے استعمال ہو گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی طبقے کو چیلنج کرتا ہوں وہ اپنے اثاثے ظاہرکریں، اقتدار سے پہلے کتنے تھے اور اقتدار کے بعد کتنے ہیں ،دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ میں نہ تنخواہ لیتا ہوں ،نہ سرکاری مراعات اور نہ ہی پروٹوکول لیتا ہوں، میرا مشن صرف عوام کی خدمت اور ایسا نظام حکومت قائم کرنا ہے جس میں ریاست کے ہر شہری کو تعلیم،صحت،روزگار کی سہولتیں مساوی بنیادوں پر حاصل ہوں۔انہوں نے کہا کہ نظریہ الحاق پاکستان کا داعی ہوں اور اس کی ترویج کیلئے پوری قوت سے کمربستہ رہوں گا ،ہماری منزل پاکستان ہے جس سے ہمارا جسم و جان کا رشتہ ہے۔

وزیراعظم نے وفد کو یقین دلایا کہ ٹائیں کی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔وفد نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں ٹائیں کے دورے کی دعوت دی جسے وزیراعظم نے قبول کر لیا۔ممبر ضلع کونسل سردار ممتاز اور سردار آفاق نے کہا کہ اہلیان ٹائیں ایک ہیرو کے طور پر آپ کا استقبال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کےخیالات سے ہم بہت متاثر ہوے ہیں ،آزادکشمیر خاص کر پونچھ کے عوام آپ کے ساتھ ہیں آپ عوام کا درد رکھنے والی شخصیت ہیں جیسا آپ کے بارے میں سنا تھا آپ کو ویسا ہی پایا ہے ،انشاءاللہ آزادکشمیر کے لوگ گڈ گورننس کے نفاذ ، کرپشن اور لوٹ مار کا کلچر ختم کرنے کے آپ کے مشن میں آپ کے ساتھ ہیں۔