آزادی کے متوالے اور ملک سے پیار کرنےوالے لوگ ہمارے ساتھ ہیں، پی ٹی آئی راہنما

136

لاہور۔15مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اپوزیشن جماعتوں سے رقم بٹورتے آئے ہیں اور اب اسلام آباد کی کال دے کر ایک بار پھر مال بٹورنا چاہتے ہیں ، پیپلز پارٹی ابھی بھگت کر واپس گئی ہے جس میں ایک بھی جیالا دیکھنے کو نہیں ملا بلکہ سارے سندھ حکومت کے وسائل سے جمع کئے ہوئے لوگ تھے ،مسلم لیگ (ن) احتجاج کرنے والی نہیں بلکہ چوری کھانے والی جماعت ہے اس لئے ہمیں ان سے کوئی خطرہ نہیں ۔

اپنے دفتر میں پارٹی رہنمائوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے حال ہی میں میلسی ،حافظ آباد ،دیر اور منڈی بہائو الدین میں جلسے کئے ہیں۔ کیا ان جلسوں سے اپوزیشن کی بے چینی میں اضافہ نہیں ہوا؟ ان شااللہ اسلام آباد میں مینار پاکستان کے 2011 کے جلسے کے مقابلے میں بڑا جلسہ ہوگا جو تاریخی ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنان اس لئے متحد ہیں کہ اگر سارے چور اکٹھے ہو گئے ہیں تو کیا ہمیں اپنے لیڈر کو تنہا چھوڑنا چاہیے ،جب سے وزیر اعظم روس گئے ہیں اس کے بعد سے سازش شروع ہو ئی ہے ،وزیر اعظم عمران خان کی صورت میں ایک شخص قومی خود مختاری کی حفاظت کر رہا ہے ،74سال بعد اب ہم معاشی سماجی فیصلہ سازی کی آزادی لینے جارہے ہیں اورعملی پیشرفت کر رہے ہیں،

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم آپ کے غلام نہیں ہیں ،اپنے مفاد میں پالیسی بنائیں گے اور یہ تاریخ میں پہلی بار ہو رہا ہے ،اس بیانیے کی وجہ سے صرف کارکنان ہی نہیں بلکہ وہ لوگ جو اپنے ملک سے پیار کرتے ہیں آزادی کے متوالے ہیں و ہ بھی ہمارے لئے نکل رہے ہیں۔