آسٹریلوی وکٹ کیپر بلے باز ٹم پین ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کینگروز کی کپتانی سے دستبردار

112
آسٹریلوی وکٹ کیپر بلے باز ٹم پین ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کینگروز کی کپتانی سے دستبردار

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز ٹم پین آف فیلڈ سکینڈل کے بعد کینگروز کی کپتانی سے دستبردار ہوگئے۔آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان ہوم ایشز میں ایک ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے اور اس سے قبل 36 سالہ ٹم پین نے فوری طور پر آسٹریلوی کرکٹ ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔

کرکٹ آسٹریلیا نے اس با ت کی تصدیق کی ہے کہ ٹم پین کا یہ فیصلہ ایک آف فیلڈ سکینڈل کے سامنے آنے کے بعد سامنے آیا ہے، جہاں انہوں نے مبینہ طور پر 2017 میں کرکٹ تسمانیہ میں ایک خاتون ساتھی کارکن کو فحش پیغامات بھیجے تھے۔

بورڈ نے ٹم پین کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے، اور اب وہ نئے ٹیسٹ کپتان کی تقرری پر غور کرے گا۔کرکٹ آسٹریلیاکے چیئر رچرڈ فرائیڈنسٹین نے کہاہے کہ ٹم پین نے محسوس کیا کہ کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کرنا ان کے خاندان اور آسٹریلیا کرکٹ کے بہترین مفاد میں ہے،جبکہ بورڈ نے اس بات کو تسلیم کیا کہ کچھ سال قبل اس معاملے کے حوالے سے ٹم پین کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے آگاہ کیا گیا تھا، رچرڈ فرائیڈ نسٹین نے کہا ہے کہ ہم ٹم پین کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹم پین اپنی غلطی کے باوجود ٹیم کے لئے ایک غیر معمولی رہنما رہے ہیں اور بورڈ ان کی شاندار خدمات کے لیے ان کا شکریہ ادا کرتا ہے۔ ٹم ایشز موسم گرما کے دوران ٹیسٹ ٹیم میں انتخاب کے لیے دستیاب رہیں گے۔2018 میں جنوبی افریقہ میں بال ٹیمپرنگ سکینڈل کے بعد 36 سالہ نوجوان کو کپتان کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی ۔