آسٹریلوی ویمن نے پہلے ون ڈے کرکٹ میچ میں بھارتی ویمن کو 5وکٹوں سے ہرا دیا

115
One Day Cricket Match
One Day Cricket Match

برسبین۔5دسمبر (اے پی پی):آسٹریلیا ویمن نے پہلے ون ڈے بین الاقوامی کرکٹ میچ میں بھارتی ویمن کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔میزبان آسٹریلوی خواتین ٹیم کی میگن شٹ نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں ۔ آسٹریلیا کی ویمن ٹیم نے مطلوبہ 101 رنز کا ہدف با آسانی 16.2اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

جمعرات کو ایلن بارڈرفیلڈ، برسبین میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے ابتدائی ون ڈے میچ میں مہمان بھارتی خواتین ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلوی خواتین ٹیم کی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدولت بھارتی ویمن پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 34.2اوورز میں 100 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی ، اس کی 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی نہ پہنچ سکیں۔جمائمہ روڈریگز23،ہرلین دیول19 اور کپتان ہرمن پریت کور17 رنز بناسکیں۔آسٹریلیا کی جانب سے میگن شٹ نے عمدہ بائولنگ کراتے ہوے 5 جبکہ کم گراتھ،ایشلی گارڈنر،اینابیل سدرلینڈ اور الانا کنگ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

جواب میں میزبان آسٹریلیا کی خواتین ٹیم نے مطلوبہ ہدف 16.2 اوورمیں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے بھارتی خواتین ٹیم کو میچ میں 5 وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ جارجیا ووال ناقابل شکست 46 اورفوبی لیچ فیلڈ35 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں۔بھارت کی ویمن ٹیم کی جانب سے رینوکا ٹھاکر سنگھ نے 3جبکہ پریا مشرا نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔آسٹریلیا کی میگن شٹ میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔