کینبرا۔4مارچ (اے پی پی):آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے دار الحکومت سڈنی میں سمندر اور بھاری لہروں کی زد میں آکر بحری جہاز 14 ڈگری کے زاویئے تک ایک طرف جھکنے سے 16 افراد زخمی ہوگئے۔ العربیہ کے مطابق کراؤن پرنسس کروز شپ کے مسافروں نے 25 فروری کو نیوزی لینڈ کے قریب ملفورڈ ساؤنڈ کے پار اپنے سفر کا آغاز کیا اور خوفناک سمندری حالات نے بحری جہاز کو 14 ڈگری کے زاویئے تک جھکا دیا ۔
بحری جہاز کے نگرانی والے کیمرے سے حاصل ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا کہ باورچی خانے کا عملہ اپنا توازن برقرار رکھنے کے لیے میزوں سے چمٹا ہوا ہے۔ اوزار اور سامان ادھر ادھر اُڑ رہے تھے، کھانا فرش پر پھیلا ہوا تھا۔ شیلفیں اُلٹ گئی تھیں اور ٹوٹے ہوئے برتن ہر طرف بکھرے ہوئے تھے۔بحری جہاز کی سمت میں اچانک تبدیلی کے نتیجے میں ایک ڈیک سوئمنگ پول میں پانی بھر گیا ۔
مسافر 19 سال پرانے جہاز کے کیبن میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔ بتایا گیا کہ حادثے کے دوران 13 مسافروں اور عملے کے 3 ارکان کو معمولی چوٹیں آئیں۔ کروز میپر ویب سائٹ کے مطابق جہاز سڈنی سے اپنے 14 روزہ راؤنڈ ٹرپ کے تیسرے دن میں تھا۔ توقع ہے کہ نیوزی لینڈ کے گرد مکمل طور پر سفر کرنے کے بعد 8 مارچ کو آسٹریلیا کے شہر واپس آئے گا۔