لندن۔11جون (اے پی پی):آسٹریلیا نے بھارت کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں 209 رنز سے ہرا کر پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کر لیا ، اس تاریخی فتح کے بعد آسٹریلیا بین الاقوامی کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں عالمی ٹورنامنٹس جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے ، ٹیسٹ کے آخری روز بھارتی ٹیم 444 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 234 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، ویرات کوہلی 49 رنز بنا کر نمایاں رہے ،
نیتھن لائن نے 4 وکٹیں حاصل کیں ، تراوس ہیڈ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ، اتوار کو اوول کے تاریخی گرائونڈ میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز بھارت نے 444 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نامکمل اننگز 164 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو پوری ٹیم 234 رنز پر ڈھیر ہو گئی ، ویرات کوہلی 49 ، اجنکیا رہانے 46 ، روندرا جدیجا صفر، سریکار بھارت 23 ، امیش یادیو ایک ، شردل ٹھاکر صفر اور محمد سراج ایک رن بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے ، آسٹریلیا کی طرف سے نیتھن لائن نے چار ،
سکاٹ بولانڈ نے تین اور مچل سٹارک نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، تراوس ہیڈ کو پہلی اننگز میں 163 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا ، آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 469 اور دوسری اننگز 8 وکٹوں کے نقصان پر 270 رنز بنائے تھے جبکہ بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 296 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی،
واضح رہے کہ کرکٹ کے عالمی مقابلوں میں آسٹریلیا نے ایک روزہ کرکٹ کا ورلڈ کپ 5 بار، چیمپئنز ٹرافی 2 بار جبکہ ٹی 20 ورلڈ کپ ایک بار جیتا ہے ، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے کے بعد آسٹریلیا دنیائے کرکٹ میں کامیاب ترین ٹیم بن گئی ہے۔