ایڈیلیڈ۔8نومبر (اے پی پی):آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں کامیابی کے لئے 164 رنز کا ہدف دے دیا۔پاکستانی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث میزبان کینگروز ٹیم دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کے خلاف مکمل 50 اوورز نہ کھیل سکی اور پوری ٹیم 35 اوورز میں 163 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اس نے پاکستان کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 164 رنز کا ہدف دیا۔حارث رئوف نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں لیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ایڈیلیڈ اوول، ایڈیلیڈ میں آج جمعہ کو کھیلے جارہے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان ٹیم نے میچ کا اچھا آغاز کیا ، آسٹریلیا کی طرف سے میتھیو شارٹ اور جیک فریزر میک گرک نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے بائولنگ اٹیک کیا۔
آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 21 رنز پر گری جب جیک فریزر میک گرک 13 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 41 رنز پر گری اور میتھیو شارٹ کو 19رنز پر شاہین شاہ آفریدیکی بال پر بابر اعظم نے کیچ آؤٹ کیا۔بعد ازاں میزبان ٹیم کے بیٹرز نے پارٹنر شپ قائم کرنے کی کوشش لیکن حارث رؤف نے اسے ناکام بنا دیا۔ انہوں نے جوش انگلس کو 18 رنز پر آؤٹ کر کے آسٹریلیا کی تیسری وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 87 رنز پر حارث رؤف نے حاصل کی جب انہوں نے مارنس لبوشین کو 6 کے انفرادی سکور پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا ۔
سٹیو سمتھ آسٹریلیا کے پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 35 رنز بناکر فاسٹ بائولر محمد حسنین کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئےاس وقت آسٹریلیا کا مجموعی سکور 101 رنز تھا۔ آسٹریلیا کی چھٹی وکٹ 121 اور ساتویں وکٹ 129 رنز پر حارث رؤف نے حاصل کی۔ آرون ہارڈی 14 کے انفرادی سکور پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے جبکہ گلین میکسویل کو 16 کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ ہوئے۔
مچل سٹارک آٹھویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو ایک رن بناکر نسیم شاہ کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔کپتان پیٹ کمنز 13 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ایڈم زمپا آسٹریلیا کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 18 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
جوش ہیزلووڈ 2 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ یوں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 35 اوورز میں 163 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اس نے پاکستان کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 164 رنز کا ہدف دیا۔میچ میں پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5، شاہین آفریدی نے 3 جبکہ نسیم شاہ اور محمد حسنین نے 1،1 کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔