ریاض۔3نومبر (اے پی پی):سعودی وزارت تجارت نے لوگوں کو غیرقانونی اشتہارات کے ذریعے فرضی ای مارکیٹنگ پر جعل سازی سے خبردار کیا ہے۔اخبار 24 کے مطابق وزارت تجارت نے سوشل میڈیا پر ایسے فرضی اور گمراہ کن اشتہارات کے بارے میں لوگوں کو خبردار کیا ہے جو لوگوں کو جعلی وڈیو دکھا کر ان سے رقوم ہتھیا لیتے ہیں۔
وزارت نے کہا کہ لوگوں کو چاہیے کہ وہ فرضی اشتہارات کے جھانسے میں نہ آئیں جو قیمتی مصنوعات کی وڈیو دکھا کر یہ ظاہر کرتے ہیں کہ انتہائی ارزاں قیمت پر اشیا فروخت کی جارہی ہیں۔ وزارت تجارت نے ایسی فرضی ای مارکیٹنگ اور سوشل میڈیا پر ان کے اشتہارات دینے والوں کے حوالے سے لوگوں کو انتباہ کیا کہ وہ ان کے چکر میں نہ پڑیں جب بھی آن لائن شاپنگ کریں تو اس سے قبل ڈیجیٹل مارکیٹ کے بارے میں تحقیق کرلیں تاکہ کسی دھوکے بازی کا شکار نہ ہوں۔
وزارت نے کہا کہ تفتیشی ٹیموں کو اس قسم کے اشتہارات موصول ہوئے جس میں بڑی ٹی وی سکرینز کی حقیقی وڈیوز دکھا کر یہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ لوٹ سیل لگائی گئی ہے۔وزارت کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی ڈیجیٹل مارکیٹ رجسٹر نہیں ہے اس لیے اس قسم کی دھوکے بازی کے چکر میں نہ پڑیں۔