اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی

174
Indian Wells Open Tennis
Indian Wells Open Tennis

روم۔17مئی (اے پی پی): اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔ سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار عالمی نمبر ایک اور ایونٹ کے دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ ،ڈنمارک کے ہولگر رونے،ناروے کے کیسپر رڈ ،ارجنٹائن کے فرانسسکو سیرونڈولو،جرمنی کے یانک ہنف مین ،روس کے ڈینیئل مدویدیف ،یونانی ٹینس کھلاڑی سٹیفانوس اور کروشین ٹینس سٹار بورنا کورک پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں اپنے میچز جیت کر کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ چکے ہیں۔

اے ٹی پی کے زیر اہتمام اٹالین اوپن کے دلچسپ مقابلے اٹلی کے دارالحکومت روم میں جاری ہیں ۔ مینز سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ نے برطانوی کھلاڑی کیمرون نوری کو شکست دے کر ٹاپ ایٹ کے لئے کوالیفائی کیا۔ڈنمارک کے ہولگر رونےحریف آسٹریلوی کھلاڑی الیکسی پوپیرین کو شکست دی،ناروے کے کیسپر رڈ نے حریف سربین کھلاڑی لاسلو جیرے کو مات دی،ارجنٹائن کے فرانسسکو سیرونڈولونے اطالوی ٹینس سٹار جینک سنر کو ہرا کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا،جرمنی کے یانک ہنف مین نے حریف روسی کھلاڑی آندرے روبلوف کو اپ سیٹ شکست دے دوچار کیا۔

روس کے ڈینیئل مدویدیف نے حریف جرمن کھلاڑی الیگزینڈر زیوریف کو ہرا کر ٹاپ ایٹ رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔ یونانی ٹینس کھلاڑی سٹیفانوس نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اٹلی کے حریف کھلاڑی لورینزو موسیٹی کو شکست دے کر اور کروشین ٹینس سٹار بورنا کورک نے ہنگری کے فیبیان ماروزان کو ہرا کر کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔