اٹلس ہنڈا لمیٹڈ کےمنافع میں 6 ماہ کے دوران 86 فیصد اضافہ

93

اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):اٹلس ہنڈا لمیٹڈ کےمنافع میں 6 ماہ کے دوران 86 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے کمپنی کے مالیاتی اعدادو شمار کے مطابق 30 جون 2024 کو ختم ہونے والے 6 ماہ کے دوران اٹلس ہنڈا کو 6.62 ارب روپے منافع ہوا ہے جبکہ اپریل تا ستمبر 2023 کے دوران اٹلس ہنڈا کا منافع 3.559 ارب روپے رہا تھا ۔

اس طرح سال 2023 کے مقابلہ میں رواں سال 2024 کے 6 ماہ کے دوران کمپنی کے منافع میں 3.061 ارب روپے یعنی 86 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ جس کے نتیجہ میں کمپنی کی جانب سے اپنے حصہ داروں کیلئے 32 روپے فی حصص کے وسط مدتی کیش ڈیوڈنڈ کا اعلان کیا گیا ہے ۔ اعدادو شمار کے مطابق سال 2023 کے اسی عرصہ کے دوران اٹلس ہنڈا کی فی حصص آمدن 28.68 روپے رہی تھی تاہم سال رواں کے دوران فی حصص آمدن 53.36 روپے تک بڑھ گئی ۔

کمپنی نے کہاہےکہ اپریل تا ستمبر 2023 کے دوران کمپنی کی سیلز 74.184 ارب روپے رہی تھی تاہم اپریل تا ستمبر 2024 کیلئے سیلز کا حجم 92.944 ارب روپے تک بڑھ گیا ہے ۔ دوسری جانب سیلز کے اخراجات بھی 69.839ارب روپے کے مقابلہ میں 84.684 ارب روپے تک بڑھے ہیں ۔ مزید برآں اٹلس ہنڈا کی دیگر آمدن بھی 4.26ارب روپے کےمقابلہ میں 5.22 ارب روپے تک بڑھ گئی جس کے نتیجہ میں کمپنی کے منافع میں 86 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔