اٹلی سے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کے دوران 65.8 فیصد کا اضافہ

77
براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں رواں مالی سال کے دوران 115.75 فیصد اضافہ

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):اٹلی میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کے پہلے چارماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 65.8 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکراکتوبر2021 تک کی مدت میں اٹلی میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 303.7 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 65.8 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اٹلی میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 183.2 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔

اکتوبر2021 میں اٹلی سے ترسیلات زرکاحجم 75 ملین ڈالررہا جو گزشتہ سال اکتوبرکے مقابلہ میں 63.39 فیصدزیادہ ہے۔ گزشتہ سال اکتوبرمیں اٹلی میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 45.9 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔

موجودہ حکومت کی جانب سے قانونی اوربینکنگ ذرائع سے ترسیلات زرکی حوصلہ افزائی کیلئے سہولیات،ترغیبات اوراقدامات کے نتیجہ میں سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں مسلسل اضافہ ہورہاہے اورجاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں مجموعی طورپر11.9 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔