اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):اٹلی میں مقیم پاکستانی کارکنوں کی ترسیلات زر کی شرح میں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں 47 فیصداضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جولائی سے لیکردسمبر2020 تک کی مدت میں اٹلی میں کام کرنے والے پاکستانی ورکروں نے 286.3 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا، یہ شرح گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 47 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اٹلی میں کام کرنے والے پاکستانی ورکروں نے 194.7 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔اعدادوشمارکے مطابق دسمبر2020 میں اٹلی میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 56 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا، دسمبر2019 میں اٹلی میں کام کرنے والے پاکستانی ورکروں نے 32.3 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے قانونی اوربینکنگ ذرائع سے ترسیلات زرکی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات اورترغیبات کے نتیجہ میں جاری مالی سال کے دوران سمندر پار پاکستانیوں کی طرف سے ترسیلات زرملک ارسال کرنے کی شرح میں پہلی ششماہی کے دوران 24.9 فیصدکانمایاں اضافہ ہواہے۔