اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):اٹلی میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں فروری کے دوران ماہانہ بنیادوں پرمعمولی اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق فروری میں اٹلی میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 66.5 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاجوجنوری کے مقابلہ میں 1.37 فیصدزیادہ ہے،جنوری 2023 میں اٹلی سے ترسیلات زرکاحجم65.6 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔
جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں اٹلی سے ترسیلات زرمیں سالانہ بنیادوں پر3.4 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ جولائی سے فروری تک کی مدت میں اٹلی میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 550.5 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اٹلی سے ترسیلات زرکاحجم 569.7 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں سالانہ بنیادوں پر10.8 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔