اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):اٹلی کے ساتھ پاکستان کے فاضل تجارت کے حجم میں گزشتہ مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے، مالی سال 2023کے پہلے 11ماہ میں اٹلی کوپاکستان کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر9فیصد اضافہ جبکہ درآمدات میں 44فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے فراہم کردہ اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے 11ماہ میں اٹلی کو پاکستانی برآمدات کاحجم 1.052ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جومالی سال 2022کی اسی مدت کے مقابلہ میں 9فیصدزیادہ ہے،
مالی سال 2022کے پہلے 11ماہ میں اٹلی کوبرآمدات سے ملک کو966.18ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔مئی 2023 میں اٹلی کوپاکستانی برآمدات کاحجم 101.40ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جواپریل میں 98.49 ملین ڈالر اورگزشتہ سال مئی میں 108.96 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2022میں اٹلی کوبرآمدات سے ملک کو 1.087 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔
اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے 11ماہ میں اٹلی سے درآمدات کاحجم 494.80ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جومالی سال 2022کی اسی مدت کے مقابلہ میں 44فیصدکم ہے، مالی سال 2022کے پہلے 11ماہ میں اٹلی سے درآمدات پر712.49 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواتھا۔مئی 2023میں اٹلی سے 77.87ملین ڈالرکی درآمدات ہوئیں جو اپریل میں 50.21ملین ڈالر اورگزشتہ سال مئی میں 45.53ملین ڈالرتھی، مالی سال 2022میں اٹلی سے درآمدات کاحجم 740.43ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=372636