اسلام آباد ۔ 8 اگست (اے پی پی) اٹلی کی حکومت گلگت بلتستان میں اہم زرعی مصنوعات کی ویلیو چین کے حوالے سے استعداد کار میں بہتری اور اس ضمن میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں معاونت کیلئے 20.5 ملین یورو کی مالی معاونت فراہم کرے گی۔ اس سلسلے میں جمعرات کو یہاں وزیر مملکت برائے اقتصادی امور حماد اظہر کی موجودگی میں معاہدے پر دستخط ہوئے۔ سیکرٹری اقتصادی امور نور احمد اور پاکستان میں اٹلی کے سفیر سٹیفانو پونٹیکارو نے معاہدے پر دستخط کئے۔ اکنامک ٹرانسفارمیشن اینشیٹیو کے نام سے اس معاہدے کے تحت اٹلی کی حکومت 28 برسوں میں 20.5 ملین یورو تک قرضہ فراہم کرے گی جس میں 10 سال رعایتی مدت اور زیرو فیصد شرح سود لاگو ہو گا۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد گلگت بلتستان میں آبپاشی والے علاقوں میں فصلوں کی پیداوار میں نمایاں اضافہ کو یقینی بنانا اور پیداوار کی منڈیوں تک رسائی کیلئے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینا ہے۔ اس پروگرام کے نتیجے میں گلگت بلتستان کے کاشتکاروں کی آمدنی میں اضافہ ہو گا، علاقے میں غربت کی شرح میں کمی آئے گی جبکہ دیہی علاقوں میں ناقص غذائیت کے مسئلے پرقابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔ اندازے کے مطابق پروگرام سے ایک لا کھ گھرانوں کو فائدہ پہنچے گا۔ وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اٹلی کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے گلگت بلتستان کے عوام کی حالت زار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اٹلی کی حکومت کی مالی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اکتوبر 2019ءمیں دونوں ممالک کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس کے تناظر میں اٹلی کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اس میں وسعت لانے کیلئے پرعزم ہے۔