اٹک۔ 01 ستمبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیل سعید نے کہا ہے کہ ٹریفک کے معاملات میں بہتری کے لیے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس اٹک میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیااجلاس میں سیکرٹری آر ٹی اے سردار ظہیر احمد خان، چیف آفیسر بلدیہ، اٹک سردار آفتاب احمد خان، ڈی ایس پی موٹروے پولیس منظور خان اور دیگر متعلقہ افراد بھی موجود تھے۔
اجلاس میں روڈ سیفٹی،وہیکل فٹنس ریجیم،اوور لوڈنگ اور چارجنگ،ایکسل لوڈ مینجمنٹ،گاڑیوں میں گیس سلنڈر کے استعمال،شمسی توانائی پر چلنے والے ٹریفک سگنلز کی تنصیب ،چنگچی رکشوں کی رجسٹریشن،کانٹوں کی کمپیوٹرائزیشن ، روٹ پرمٹ ایکسپائر ہونے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی،الیکٹرک بسوں اور لاری اڈوں کی بہتری کےموضوعات زیر بحث لائے گئے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اکتوبر کے ماہ میں الیکٹرک بسیں اٹک میں چلنا شروع ہو جائیں گی۔اس کے علاوہ چنگچی رکشوں کی پارکنگ اور دیگر ٹریفک کے معاملات کو بھی جلد حل کیا جائے گا۔