اٹک۔ 27 نومبر (اے پی پی):اٹک پولیس نے بابا گورو نانک کے جنم دن کے حوالے سے 28 نومبر تا 30 نومبر کیلئے گوردوارہ سری پنجہ حسن ابدال میں تقریبات کا سیکیورٹی پلان جاری کر دیا۔ ڈی پی او اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ اٹک پولیس کے700 افسران و اہلکار تین تہوں میں سیکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے اس کے علاوہ 19 ایلیٹ سیکشنز بھی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ملکی و غیر ملکی سکھ یاتریوں کی کثیر تعداد شریک ہو رہی ہے جن کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے اٹک پولیس نے تازہ دم دستے مختلف مقامات پر سکیورٹی کے لیے تعینات کر دیے ہیں جن کی نگرانی وہ خود اور ایس پی انوسٹی گیشن جویریہ محمد جمیل کر رہی ہیں۔
اسکے ساتھ ساتھ ڈی ایس پیز بھی سکیورٹی کے عمل کو چیک کرنے کے لیے اپنی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ سکھ یاتریوں کو سکیورٹی فراہم کرنے کےلیے کل 700 افسران و اہلکاروں میں پانچ ڈی ایس پیز،13 ایس ایچ اوز ،55 اپر سپارڈینیٹ،53ہیڈ کانسٹیبل ،406کانسٹیبل، 26 لیڈیز کانسٹیبل شامل ہیں ۔مزید سکھ یاتریوں کی حفاظت کے لیے ایلیٹ کمانڈوز کے 19 سیکشن ہمہ وقت الرٹ ہوں گے۔ ڈی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کا کہنا تھا کہ مذہبی مقامات اور ان کے پیروکاروں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور اٹک پولیس کسی بھی شر پسند عناصر کو شر انگیزی پھیلانے کی اجازت نہیں دے گی تمام سکھ یاتری بلا خوف و خطر آزادی سے اپنی عبادت کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=414558