اٹک۔ 20 فروری (اے پی پی):محکمہ جنگلات اور ریسکیو 1122 اٹک کے باہمی اشتراک سے جنگلات میں آتشزدگی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سنبل بنگلہ بھٹیوٹ کے مقام پر مشترکہ فرضی تربیتی مشقوں کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تحصیل جنڈ احمد علی رضا، ڈسٹرکٹ ایمرجینسی آفیسر علی حسین اور ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر اظہر عباس بھی موجود تھے۔ ان فرضی مشقوں کا مقصد فائر فائٹنگ کی صلاحیت کو بہتر بنانا
جنگلی حیات کے تحفظ کو یقینی بنانا اور متاثرہ شہریوں کی بروقت محفوظ مقامات پر منتقلی کو ممکن بنانا تھا، فرضی مشقوں میں آگ بجھانے کے مختلف طریقہ کار بشمول سٹارویشن، سمدرنگ، کولنگ، فائر فائٹنگ اور کاؤنٹر فائر کی تکنیکوں پر خصوصی توجہ دی گئی، اس کا بنیادی مقصد محکمہ جات کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینا، فوری ردعمل کو مؤثر بنانا اور قدرتی وسائل و انسانی جانوں کو آتشزدگی کے خطرات سے محفوظ رکھنا تھا۔
فرضی مشقوں کے دوران دونوں متعلقہ محکموں کی ٹیموں نے اپنی مہارتوں کا عملی مظاہرہ کیا اور اپنے وسائل کا جائزہ لیا تاکہ حقیقی ہنگامی حالات میں امدادی کارروائیوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564218