اٹک۔ 17 فروری (اے پی پی):اٹک پولیس نے شہری کے گھر میں آگ لگا کر لاکھوں مالیتی سامان جلانے والا مرکزی ملزم گرفتار کر لیا۔ شیر محمد ولد اللہ دتہ سکنہ پنڈ سلطانی نے تھانہ بسال پولیس کو درخواست دی کہ مورخہ 7 جنوری 2025 کو کام کے لیے جا رہا تھا جاوید اختر، وحید اختر، سعید اختر اور شعیب اختر میرے پاس سے گزرے اور مجھے دھمکی دی کہ پہلے آپ کے بیٹے اور بہو کا بندوبست کیا ہے اب آپ کا بندو بست کریں گے۔
شام کو میرا بیٹا ضیافت گھر آ رہا تھا کہ اس نے چاروں کو گھر کی دیوار پھلانگتے ہوئے دیکھا جس پر ہم فوری طور پر موقع پر پہنچے تو گھر کو آگ لگی ہوئی تھی ۔فائر برگیڈ کو بلا کر آگ پر قابو پایا آگ سے ہمارے گھر کی چارپائیاں، بسترے، کرسیاں، ڈرل مشین و دیگر سامان کل مالیتی 8 لاکھ روپے جل کر راکھ ہو گیا۔ تھانہ بسال پولیس نے مقدمہ درج کر کے آگ لگا کر سامان جلانے والے مرکزی ملزم وحید اختر ولد حسن دین سکنہ پنڈ سلطانی تحصیل جنڈ کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتار ی کی کوشش جاری ہے۔