اٹک۔ 25 اپریل (اے پی پی):تھانہ سٹی اٹک کے ایریا میں مسلح موٹر سائیکل سواروں کی یکے بعد دیگرے تین وارداتوں کے بعد پولیس مقابلے میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے کانسٹیبل زخمی ہو گیا، مسلح ڈکیت بھی اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ پکار 15 ایمرجنسی سروس پر سٹی اٹک کے ایریا میں یکے بعد دیگرے تین مختلف 125 موٹر سائیکل چھیننےکی کالز کی گئیں، شہریوں نے پہلی کال قیوم چوک، دوسری مدنی چوک اور تیسری نفیس چوک سے کی، تینوں مختلف کالوں میں بتایا گیا کہ چار مسلح ڈکیتوں نے اسلحہ کے زور پر ان سے الگ الگ مقام پر موٹر سائیکل چھینے اور فرار ہو گئے۔ پولیس نے نامعلوم مسلح ڈکیتوں کی گرفتاری کیلئے فوری ناکہ بندی کی کال کی اور اٹک خورد چیک پوسٹ کے قریب پولیس ٹیم ناکہ بندی کر کے چیکنگ پر مصروف تھی کہ چار نامعلوم ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس ٹیم نے حکمت عملی سے خود کو اندھا دھند فائرنگ سے بچایا لیکن پولیس کانسٹیبل عاطف کو ڈکیتوں کا فائر لگا جس سے وہ زخمی ہو گیا جسکو فوری ہسپتال منتقل کیا گیا۔
فائرنگ رکنے پر پولیس ٹیم کو ایک ڈکیت زخمی حالت میں ملا جبکہ دوسرے مسلح ڈکیت کو موقع پر قابو کر لیا گیا۔ زخمی ڈکیت نے اپنا نام احسان اللہ ولد فیض اللہ سکنہ پشاور بتایا اور مزید بتایا کہ وہ اپنے ساتھیوں کی ہی فائرنگ سے زخمی ہوا۔ زخمی ڈکیت احسان اللہ اور اسکے ساتھی بلال سے برآمد ہونے والا اسلحہ ناجائز بھی قبضہ پولیس میں لے لیا گیا۔ ڈکیتوں کے دوسرے دو نامعلوم ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ زخمی ڈکیت کو فوری ابتدائی طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈی پی او سردار غیاث گل خان نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے ۔ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587731