اٹک۔ 14اگست (اے پی پی) ضلع اٹک میں70ویں یوم آزادی پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوئی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد تھے۔ ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات ، ڈی پی او اٹک زاہد نواز مروت، اے ڈی سی آر اکرام الحق، چیئر مین بلدیہ شیخ ناصرمحمود ، وائس چیئرمین بلدیہ ملک طاہر اعوان، سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے علاوہ دیگر سرکاری محکموں کے افسران ، سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائیندہ افراد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان ایشیاءکے مسلمانوں کے لیے قدرت کا انمول تحفہ ہے ۔ انہوںنے کہا کہ آج سے ستر سال قبل ہندوستان کے مسلمانوںنے اپنے عظیم قائد محمد علی جناح کی فقید المثال قیادت میں جان ومال کی انمٹ قربانیاں دے کر یہ ملک حاصل کیا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مملکت کے قیام کا مقصد اللہ اور اس کے آخری رسول حضرت محمد ﷺ کے بتائے ہوئے طریقوں پر کاربند رہ کر آزادی سے زندگی بسر کرنا تھا۔ انہوںنے کہا کہ آج کی نوجوان نسل کو اس امر سے آگاہ کرنا اشد ضروری ہے کہ ان کے آباواجداد نے پاکستان کے حصول کے لیے لاوزال قربانیاں پیش کیں۔ انہوںنے اپنا کاروبار، گھر بار ،دھن دولت حتیٰ کہ اپنے بزرگوں کی قبروں سے دوری اختیار کرکے آزاد وطن حاصل کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=66109