اٹک۔ 08 جون (اے پی پی):اٹک پولیس نے شہری کو سرکاری افسران کے نام لے کر مقدمہ میں پھنسانے کی دھمکیاں دینے والا ملزم گرفتارکرلیا۔ تھانہ صدر اٹک پولیس کو ادریس نقاش ولد عبد الرؤف سکنہ شکردرہ نے درخواست دی کہ شاہد اقبال اور اسکے بیٹے عبدالہادی سکنائے دارلسلام کالونی اٹک کے ساتھ پرانے تعلقات ہیں۔
عبدالہادی اکثر اوقات مجھ سے پیسے لیتا رہتا تھا لیکن جب مجھے علم ہوا کہ اس کو نشہ کی لت لگ چکی ہے تو میں نے پیسے دینے سے انکار کیا تو اس نے یہ بات اپنے والد کو بتائی جس پر شاہد اقبال نے مجھے فون کر کے سرکاری افسران کے نام لے مقدمہ میں پھنسانے کی دھمکیاں دیں۔ تھانہ صدر اٹک پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش عمل میں لاتے ہوئے فون کال پر دھمکیاں دینے والے ملزم شاہد اقبال سکنہ دارلسلام کالونی اٹک شہر کو گرفتار کر لیا۔