اٹک۔ 27 دسمبر (اے پی پی):اٹک پولیس نے ضلع بھر سے 5 افراد گرفتار کرکے5 کلو سے زائد چرس اور 10 لیٹر شراب برآمد کر لی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کی ہدایات پر منشیات جیسی لعنت کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے تھانہ اٹک خورد پولیس نے سرچ پارک پکٹ اٹک خورد پر دورانِ چیکنگ منشیات سمگلر ریحان گل ولد ظاہر گل سکنہ پشاور کے قبضہ سے 2400 گرام چرس برآمد کر لی،
اسی طرح پولیس نے دورانِ گشت بدنام زمانہ منشیات فروش محمد اعجاز ولد میر اکبر سکنہ حمید حضرو سے 1800 گرام چرس برآمد کر لی۔ تھانہ پنڈی گھیب پولیس نے منشیات فروش محمد فہیم ولد محمد اسلم سکنہ پنڈیگھیب سے دورانِ چیکنگ 550 گرام چرس برآمد کر لی۔
ایک اور کاروائی میں تھانہ پنڈیگھیب پولیس نے ہی منشیات فروش قاسم خان ولد مصری خان سے 525 گرام چرس برآمد کر لی۔ جبکہ تھانہ صدر اٹک پولیس نے بدنام زمانہ شراب فروش کامران صفدر ولد صفدر خان سکنہ مرزا سے دورانِ چیکنگ 10 لیٹر شراب برآمد کر لی۔ملزمان کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لیے۔