اٹک۔ 17 فروری (اے پی پی):اٹک پولیس نے 7 سماج عناصر گرفتار کرکے منشیات و اسلحہ برآمد کر لیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کی ہدایات پر سماج دشمن عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلہ میں تھانہ رنگو پولیس کی ٹیم گشت پر موجود تھی کہ شیر ولی ولد فرزند خان سکنہ صوابی کی چیکنگ کرنے پر 1400 گرام چرس برآمد کر لی۔
دوسری جانب تھانہ صدر حسن ابدال پولیس نے خضر علی کو مشکوک جانتے ہوئے چیک کیا تو ملزم خضر علی ولد اظہر علی سکنہ حسن ابدال کے قبضہ سے 1400 گرام چرس برآمد کر لی، اسی طرح تھانہ انجراء پولیس کی ٹیم نے منشیات فروش تجمل حسین ولد تصدق حسین اور عامر سعید ولد محمد اکبر سکنائے جنڈ کو منشیات سمیت گرفتار کر لیا ملزم تجمل حسین سے 1500 گرام چرس جبکہ عامر سعید سے 560 گرام چرس برآمد ہوئی۔
تھانہ سٹی اٹک پولیس کی ٹیم نے اسلحہ ناجائز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اکمل خان ولد گل بادشاہ سکنہ چارسدہ حال اٹک شہر اور میر داد ولد نور محمد ساکن جنڈ حال نیوٹاؤن اٹک شہر سے دورانِ چیکنگ ہر دو ملزمان سے 1/1 کلاشنکوف معہ ایمونیشن برآمد کر لی اسی طرح تھانہ حضرو پولیس نے دورانِ گشت سجید اللہ ولد فرید گل سکنہ نوشہرہ کی تلاشی لینے پر 3 عدد پسٹل 30 بور اور 230 ضرب روند برآمد کر لیے ۔