اٹک۔ 24 اگست (اے پی پی):اٹک پولیس نے مشہور منشیات فروش رحمت سکنہ حضرو کے قبضہ سے 15 سوگرام چرس برآمد کر لی ۔دوسری جانب تھانہ انجرا پولیس نے منشیات فروش محبوب خان سکنہ گڑوی اور ثمر گل سکنہ نکہ افغان تحصیل جنڈ کو منشیات سمیت گرفتار کر لیا۔ ملزم محبوب خان کے قبضہ سے 15 سوگرام چرس اور ثمر گل کے قبضہ سے 14 سوگرام چرس برآمد ہوئی۔ ایک اور کارروائی میں تھانہ پنڈی گھیب پولیس کی ٹیم نے منشیات کے سوداگر اسد عباس سکنہ دھبولہ پنڈیگھیب سے دوران چیکنگ 13 سوگرام چرس برآمد کر لی۔
اسی طرح تھانہ سٹی اٹک پولیس نے دوران گشت منشیات فروش جہانزیب خان سکنہ چارسدہ حال نیوٹاؤن اٹک شہر سے 550 گرام چرس جبکہ محمد راحیل سکنہ فاروق اعظم کالونی سے 520 گرام چرس برآمد کر لی۔ تھانہ صدر حسن ابدال پولیس کی ٹیم نے شراب سپلائر اسلام گل سکنہ پارہ چنار کے قبضہ سے 10 لیٹر شراب برآمد کر لی۔ اٹک پولیس نے ملزمان کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر کے حوالات میں بند کر دیا۔